معروف بالی ووڈ اداکارہ اور مراکش سے تعلق رکھنے والی رقاصہ نورا فتیحی کے انتقال کی خبر سوشل میڈیا پر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی، جس کے نتیجے میں سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد تشویش کا شکار ہوگئی ہے۔
اداکارہ نورا فتیحی کی زندگی سالگرہ سے قبل ایک جھوٹی خبر کے ذریعے خراب کرنے کی کوشش کی گئی جب یہ کہا گیا کہ نورا فتیحی حادثے کا شکار ہو کر دنیا سے رخصت ہوگئی ہیں۔ خبر کے ساتھ ساتھ وائرل ہونے والی گمراہ کن ویڈیو نے بھی عوام میں تشویش کی لہر دوڑا دی۔
ماضی میں متعدد جھوٹی خبریں سامنے آنے اور ثابت ہونے کے باوجود بھی جھوٹی خبروں کا سلسلہ نہ تھم سکا۔ ویڈیو میں ایک خاتون کو پہاڑ کی بلندی سے نیچے کی جانب گرتے ہوئے دکھایا گیا۔ ایک صارف نے گمراہ کن ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اداکارہ نورا فتیحی کی موت بالی ووڈ کیلئے بری خبر سے کم نہیں۔
تمام تر تشویش اور سنگین قیاس آرائیوں کے بعد سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو اس وقت جھوٹی ثابت ہوئی جب بھارتی میڈیا نے نورا فتیحی کی زندگی کی تصدیق کرتے ہوئے انتقال کی خبر جھوٹی قرار دی۔ محسوس ایسا ہوتا ہے کہ صرف عوام کو گمراہ کرنے کیلئے غیر ضروری خوف وہراس پھیلایا گیا۔
سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ نورا فتیحی کی زندگی کے متعلق جھوٹی اور گمراہ کن ویڈیو کو اپ لوڈ کیا گیا، جھوٹی اور گمراہ کن خبریں پھیلانے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جانا چاہئے۔ اس سے قبل بھی متعدد اداکاروں کی زندگی میں ہی انتقال کی افواہیں پھیلائی گئی ہیں، جو بعد میں جھوٹی ثابت ہوئیں۔