لاہور: پاکستان مسلم لیگ ق کے سینئر رہنما اوراسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں اور معاملات طے پاگئے ہیں،وزیراعظم عمران خان کی قیادت، نیت اور کوشش پر کوئی شک نہیں۔
حکومتی اور اتحادی مذاکراتی ٹیموں کی ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےاسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت، نیت اور کوشش پر کوئی شک نہیں تاہم طریقہ کار بہتر بنانے کے لیے سب مل کر کوشش کریں گے۔
چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں اور معاملات طے پاگئے ہیں، حکومتی ٹیم کی آمد پر شکریہ ادا کرتا ہوں، ملاقات کے دوران حکومت کو درپیش چیلنجز پر بھی بات ہوئی ہے، جو بھی صورتحال ہو گی مل کر حل کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ تبدیلی کے ثمرات نیچے تک جانے چاہئیں، بہتری لانے کیلئے سب ملکر محنت کریں گے، اب تمام معاملات پر کھل کر بات کریں گے اور حل نکالیں گے۔
ان کا کہناتھا کہ ملاقات میں بیوروکریٹس سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی کیوں کہ وہ آج ہیں، کل نہیں ہوں گے، مولانا فضل الرحمان کی ’امانت‘ کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ میرے پاس ہے تاہم امانت میں خیانت نہیں ہوتی۔
یہ بھی پڑھیں: ایم کیو ایم سے کوئی اختلاف نہیں ،کراچی کی ترقی کیلئے ملکر کام کرینگے ، اسد عمر