وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پی ٹی آئی جلسے کا این او سی منسوخ کردیا گیا ہے جبکہ سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر ریڈ زون کو سیل کردیا گیا۔
نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں مذہبی جماعتوں نے احتجاج کی کال دے رکھی ہے۔ ایسی صورتحال میں جلسے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ پنجاب بھر میں سیاسی سرگرمیوں اور جلسے جلوس پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سیکریٹری داخلہ کا کہنا ہے کہ دفعہ 144 کا نفاذ عمل میں لایا گیا ہے۔ جلسے جلوسوں پر پابندی 22 سے 24 اگست تک برقرار رہے گی۔ پابندی کا فیصلہ سکیورٹی خدشات کے باعث کیا گیا ہے۔ عوامی اجتماعات دہشت گردوں کا آسان ہدف ہوسکتے ہیں۔
اسلام آباد میں ریڈ زون کو سیل کردیا گیا ہے۔ وفاقی دارالحکومت کے سرکاری و نجی اسکولز میں آج تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ اسکولوں کو بند کرنے کا فیصلہ بچوں کی حفاظت کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کی مینارِ پاکستان پر جلسے کی درخواست پر فریقین سے جواب طلب کیا تھا۔ رواں ماہ کے آغاز پر درخواست گزار نے عدالت میں دائر درخواست میں جلسہ کرنا ہر سیاسی جماعت کا حق قرار دیا تھا جس پر فریقین سے جواب طلبی کی گئی۔