کراچی: وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ وفاقی وزراء کراچی میں آکر سندھ حکومت کو بُرا بھلا کہنا اپنا فرض سمجھتے ہیں ، پی ٹی آئی کی حکومت نے گالم گلوچ، بدتمیزی اور سیاست میں بداخلاقی کی بنیاد ڈالی ہے۔
وفاقی وزیر فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہےکہ فواد چوہدری کو سیاست میں متعارف کرانے والے آصف علی زرداری تھے۔ فواد چوہدری جب زرداری صاحب کے خلاف بیان دیتا ہے تو میں بہت حیران ہوتا ہوں، صدر زرداری نے فواد چوہدری کو پارٹی میں عزت دی اور سیاست میں روشناس کرایا۔
سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ فواد چوہدری زرداری کے ہاؤس کا طواف کرتا تھا کہ کوئی پوزیشن مل جائے، اب زرداری صاحب اور فریال تالپور کے خلاف بیان بازی دیکھ کر فواد کا چھوٹا پن نظر آتا ہے۔
فواد چوہدری پر تنقید کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری اگلے الیکشن سے قبل ہجرتی پرندوں کی طرح کسی اور پارٹی میں ہجرت کرجائیں گے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ فواد چوہدری اگلے الیکشن میں سندھ میں پی ٹی آئی کی حکومت کے خواب دیکھ رہا ہے، نئے الیکشن میں پی ٹی آئی کو پورے ملک میں امیدوار نہیں ملیں گے۔ اگلے الیکشن میں پی ٹی آئی اپنا سیاسی وجود کھو بیٹھے گی اور کرائے کے ترجمان بھاگ کر اپنے گھونسلوں میں چلے جائیں گے۔
ان کاکہنا تھا کہ فواد چوہدری سندھ میں آکر وزیراعلیٰ سندھ کے خلاف بیان دے کر اپنی فرسٹریشن نکالتے ہیں ، فواد چوہدری حلفیہ بتائیں کہ پورے ملک میں کونسا وزیراعلیٰ سب سے بہتر ہے۔
سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ فواد چوہدری کو اگر فنڈز کی مانیٹرنگ کرنی ہے تو جاکر خیبرپختونخوا میں کریں ، وہاں بی آر ٹی اور مالم جبہ کی کرپشن فواد چوہدری کو نظر نہیں آتی، پنجاب میں رنگ روڈ، چینی چوری ، گندم اسکینڈل اور شراب کے پرمٹس کی کرپشن فواد چوہدری کو نظر نہیں آتی۔
صوبائی وزیر نے کہاکہ فواد چوہدری سندھ میں پانی کی چوری کا الزام لگاکر مسئلے کو کہیں اور لے جانا چاہتے ہیں، وہ اس وجہ سے زیادہ زبان درازی کررہے ہیں تاکہ فردوس آپا دوبارہ نہ آجائیں، فواد بھائی تھوڑی ڈیسینسی ، تھوڑے لحاظ اور اخلاقیات کا مظاہرہ کیا کریں۔
انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ نے کہا کہ نیب سیاسی انجینئرنگ کرتاہے اس حساب سے نیازی حکومت کو مستعفی ہوجانا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں : سندھ میں 60 لاکھ بچے اسکول جانے سے محروم ہیں، ہاری ویلفیئر ایسوسی ایشن