لاہور: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تحریکِ انصاف کے 25 منحرف اراکینِ پنجاب اسمبلی کو پارٹی پالیسی سے انحراف کے باعث نااہل قرار دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے تحریکِ انصاف کے 25 اراکینِ پنجاب اسمبلی کے خلاف ریفرنس منظور کرتے ہوئے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔
پی ٹی آئی کے منحرف اراکین کیس کے فیصلے کا اعلان ملتوی
الیکشن کمیشن کے فیصلے کے تحت تحریکِ انصاف کے 25 منحرف اراکین اپنی نشستوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ اراکین کو ڈی سیٹ کرنے کا حکم جاری کردیا گیا۔
پی ٹی آئی کے نااہل قرار دئیے گئے منحرف اراکین میں زہرہ بتول، غلام رسول، محمد اجمل، فیصل حیات، مہر محمد اسلم، میاں خالد محمود، علیم خان، نذیر چوہان اور دیگر شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے منحرف اراکین نے اپنی پارٹی پالیسی کے خلاف پنجاب میں حمزہ شہباز حکومت کے قیام کی حمایت کی۔ اراکین کے خلاف ریفرنس اسپیکر نے دائر کیا تھا۔
قبل ازیں الیکشن کمیشن نے 3 روز قبل فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے کہا تھا کہ آج 12 بجے سنایا جائے گا۔ تاہم، بعد میں کیس کو الیکشن کمیشن کی کاز لسٹ سے دن بھر کے لیے ڈی لسٹ کر دیا گیا۔
پنجاب اسمبلی کے اسپیکر پرویز الٰہی نے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب میں مسلم لیگ ن کے حمزہ شہباز کے حق میں ووٹ دینے پر منحرف اراکین کے خلاف آئین کے آرٹیکل 63 (اے) کے تحت الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کیا تھا۔