کراچی: پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان دیکھنے میں آیا، کے ایس ای 100 انڈیکس میں 263 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسیچنج میں گزشتہ روز کی غیر تسلی بخش سرمایہ کاری کے بعد کاروباری برادری کے نقصانات کا ازالہ دیکھنے میں آیا۔ کاروباری ہفتے کے آخری روز سرمایہ کاروں نے مثبت رجحان کا مظاہرہ کیا۔
اعلیٰ سطح کے عمانی مندوبین کا ایف پی سی سی آئی کا دورہ
کے ایس ای 100 انڈیکس میں دن کی کم ترین سطح 44 ہزار 968 اعشاریہ 90 پوائنٹس رہی۔ سرمایہ کاری میں اتار چڑھاؤ کا رجحان برقرار رہا۔ زیادہ سے زیادہ 113 اعشاریہ 4 پوائنٹس کی کمی دیکھنے میں آئی تاہم بعد ازاں اسٹاک مارکیٹ بحالی کی جانب گامزن ہوئی۔
کاروباری اوقاتِ کار کے دوسرے نصف دورانیے کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس میں 395 اعشاریہ 29 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی۔ مارکیٹ 45 ہزار 364 اعشاریہ 19 پوائنٹس تک جا پہنچی جو کاروباری ہفتے کے آخری روز کی بلند ترین سطح تھی۔
کے ایس ای 100 انڈیکس 263 اعشاریہ 35 پوائنٹس کے اضافے سے 45 ہزار 345 اعشاریہ 65 کی سطح پر بند ہوا۔ کے ایم آئی 30 انڈیکس اور آل شیئر انڈیکس میں بھی مثبت رجحان دیکھا گیا۔ مجموعی طور پر 24 کروڑ 22 لاکھ 63 ہزار 117 حصص کا کاروبار ہوا۔
گزشتہ روز 13 ارب کے مقابلے میں 7 ارب 93 کروڑ کے حصص کا لین دین ہوا۔ مجموعی طور پر 354 کمپنیوں کے حصص کاروبار کا حصہ رہے جن میں سے 208 کے بھاؤ میں اضافہ، 124 میں کمی جبکہ 22 کمپنیوں کے حصص میں استحکام غالب رہا۔