کراچی: صوبہ سندھ کے وزیرِ تعلیم و محنت سعید غنی شہرِ قائد میں قائم قرنطینہ سینٹر کے معائنے کے لیے پہنچ گئے جبکہ اس دوران کمشنر کراچی افتخار شالوانی اور دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔
حکومتِ سندھ نے شہر سے باہر دو مقامات پر کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کو رکھنےکے لیے ہسپتال بھی قائم کیے ہیں۔ یہ قرنطینہ سینٹر بھی ناردرن بائی پاس کے قریب بنایا گیا ہے۔
قرنطینہ سینٹر کے دورے کے موقعے پر وزیرِ تعلیم ومحنت سندھ سعید غنی نے کہا کہ اِس قرنطینہ سینٹر میں ایسے افراد کو رکھا جائے گا جن کے اجسام میں کورونا وائرس کا شبہ ہو۔
وزیرِ تعلیم و محنت سندھ نے کہا کہ قرنطینہ سینٹر میں 6 ہزار سے زائد بیڈز لگائے گئے ہیں۔ یہاں پانی، بجلی، اسٹینڈ بائی جنریٹرز سمیت تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
کورونا وائرس کے خلاف جنگ کے حوالے سے وزیرِ تعلیم نے اعلان کیا کہ کمشنر کراچی افتخار شالوانی، ڈپٹی کمشنر ملیر اور میں خود کیمپ کے تمام انتظامات کی نگرانی کروں گا۔