کراچی: صوبائی وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ حفیظ شیخ کو ہٹانے کی وجہ مہنگائی نہیں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم ) کی جیت ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا فیصلہ پی ڈی ایم کے اصولی فیصلے کے بعد کیا جائے گا۔ سعید غنی کا کہنا تھا کہ اسد عمر اور حفیظ شیخ کی رسوائی کے بعد 6 ماہ میں حماد اظہر کو بھی رسوا ہوتے دیکھ رہا ہوں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز اپنے کیمپ آفس میں ایم کیو ایم پاکستان کے سابق رکن سندھ اسمبلی وقار شاہ کی اپنے سیکڑوں ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی میں شمولیت کے حوالے سے منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ آج ایم کیو ایم پاکستان کے سابق رکن سندھ اسمبلی وقار شاہ اپنے 500 سے زائد ذمہ داران اور کارکنان کے ساتھ پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔
اس موقع پر پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والے وقار شاہ نے کہا کہ مجھ سمیت میرے سیکڑوں ذمہ داران اور کارکنان نے اپنی 20 سالہ ایم کیو ایم سے رفاقت کا خاتمہ صرف اس شہر اور صوبے کے عوام کی بھلائی کے لئے کیا ہے۔
سابق رکن سندھ اسمبلی وقار شاہ نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے 1973 کے آئین میں قادیانیوں کو کافر قرار دیا تھا لیکن آج کی موجودہ وفاقی حکومت اور وزیر اعظم سمیت ان کے اتحادی اس ملک میں قادیانیوں کو فروغ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان مردم شماری، حیدرآباد یونیورسٹی سمیت ایسے کئی معاملوں سے پیچھے ہٹ چکی ہے، جو خالصتاً عوام کے مسائل تھے۔
اس موقع پر صحافیوں کے مختلف سوالات کے جوابات دیتے ہوئے وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے نالائق، نااہل اور سلیکٹیڈ وزیر اعظم کو ڈالر کی قیمت ہو یا ادویات اور چینی و آٹا کے اسکینڈل ان کو یہ سب ٹی وی سے چلتا ہے یہاں تک کہ وہ وزیر اعظم ہیں اس کو خود انہوں نے بتایا ہے کہ ان کی بیگم نے انہیں بتایا کہ وہ اس ملک کے وزیر اعظم ہیں۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ حفیظ شیخ کو مہنگائی کے باعث ان کے عہدے سے نہیں ہٹایا گیا بلکہ سینیٹ کے انتخابات میں ان کی ہار اور پی ڈی ایم کی فتح نے ان کو ہٹا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسد عمر اور حفیظ شیخ کو ایک سال میں عمران خان نے رسوا کیا ہے اور اب حماد اظہر کو مستقبل مجھے 6 ماہ میں رسوا ہوتا نظر آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیروں کو ہٹانے سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔