اسلام آباد: جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی اپیل پر کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں جے یو آئی (ف) کے کارکنان سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاجاً اہم سڑکیں بلاک کردیں جس سے ٹریفک جام ہوگیا۔
شہر قائد میں سپرہائی وے الآصف اسکوائر کے قریب جمعیت علمائے اسلام کے کارکنان کی جانب سے احتجاج کیا جارہا ہے، جس کے باعث ٹریفک جام ہوگیا ہے، پولیس کی جانب سے ٹریفک کو متبادل سمت موڑا جا رہا ہے۔
جے یو آئی کے کارکنوں نے نواب شاہ میں سکرنڈ روڈ پر دھرنا دے کر ٹریفک بلاک کردی، جیکب آباد میں بھی کارکنان کا ڈی سی چوک پر دھرناجاری ہے۔
مولانا فضل الرحمان کی اپیل پر سندھ کے شہر سکھر میں جے یو آئی کے کارکنوں نے قومی شاہراہ پنوعاقل پر دھرنا دے دیا، جے یو آئی کارکنان پریس کلب کے سامنے بھی دھرنا دے کر بیٹھ گئے اور حکومت کے خلاف سخت نعرے بازی کی جارہی ہے۔
مولانا فضل الرحمان کی کال پرپارٹی کارکنوں نے کوئٹہ میں منان چوک پر احتجاج کیا اور ٹائر جلا کر جناح روڈ بلاک کردی، حب بائی پاس اور اوتھل کے مقام پر بھی جے یو آئی کا احتجاج جاری ہے جس سے کراچی کوئٹہ شاہراہ بند ہوگئی ہے۔
ادھر مٹیاری میں بھی جے یو آئی کارکنوں کا قومی شاہراہ پردھرنا جاری ہے جس کے باعث گاڑیوں کی قطاریں لگ گئی ہیں، میرپورخاص میں جے یو آئی کے کارکنان نے ٹول پلازہ پر احتجاج کیا جس سے ٹریفک معطل ہوگیا۔
مانسہرہ میں مولانا فضل الرحمان کی اپیل پر ہزارہ ایکسپریس وے پر احتجاج کیا جا رہا ہے،کارکنوں نے اچھڑیاں کے قریب ہزارہ ایکسپریس وے ٹریفک کے لیے بندکردی۔
مزید پڑھیں: کارکنان ملک بھر میں احتجاج کریں اور سڑکوں کو جام کر دیں،مولانا فضل الرحمان