پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماہرہ خان کی نئی مختصر فلم پرنس چارمنگ کی موسیقی مبینہ طور پر ایک پرانی دھن کا چربہ ہے جس کے متعلق سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں۔
تفصیلات کے مطابق پرنس چارمنگ کو ماہرہ خان کے ساتھ ساتھ اداکار زاہد احمد کے مرکزی کردار میں جلوہ گر ہونے اور شہریار منور کی ہدایات میں بننے والی پہلی فلم کے طور پر بھی شہرت حاصل ہورہی ہے جسے آج یو ٹیوب چینل سی پرائم پر پیش کیا جائے گا۔
تاہم بعض رپورٹس کے مطابق ایک سوشل میڈیا پیج انسٹنٹ لالی ووڈ نے دعویٰ کیا ہے کہ مختصر فلم پرنس چارمنگ کے پس منظر میں سنائی دینے والی موسیقی ایک پرانی دھن سے یا تو متاثر ہے یا پھر شگیرو امے بائشی کی دھن اِن دی موڈ فار لوو کی موسیقی سے چرائی گئی۔
حال ہی میں ماہرہ خان کی فلم پرنس چارمنگ کا ٹریلر ریلیز کیا گیا جس میں ماہرہ شہرزاد جبکہ زاہد احمد اکبر کے کردار میں جلوہ گر ہوں گے۔ جس گیت سے فلم کی موسیقی مبینہ طور پر چرائی گئی، اس کی آڈیو مندرجہ ذیل ہے:
متعدد سوشل میڈیا صارفین کسی پرانے گیت سے فلم کی موسیقی چرا کر استعمال کرنے کے حق میں نہیں۔ ایک صارف نے کہا کہ میرے پیارے پاکستانی ہدایتکار، لکھاری اور پروڈیوسرز کو سمجھنا ہوگا کہ اگر ان کے پاس کچھ دکھانے کو نہیں تو حقیقی زندگی پر کام کریں۔
مذکورہ صارف کا کہنا تھا کہ اگر پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے کرتا دھرتا اگر ساس بہو اور گھسی پتی محبت کی داستانوں سے باہر نہیں نکل سکتے تو انہیں عام زندگی کا مطالعہ کرنا اور اپنے اردگرد کے ماحول کوسمجھنا ہوگا۔ ایک اور صارف نے کہا کہ موسیقی متاثرہ نہیں بلکہ چرائی گئی ہے۔
دوسرے صارف کا کہنا ہے کہ چربہ چربہ ہی ہوتا ہے۔ پرنس چارمنگ شہریار منور صدیقی کی ہدایات پر بننے والی پہلی فلم ہوگی جس سے عوام نے بہت امیدیں وابستہ کر رکھی ہیں کیونکہ شہریار منور قبل ازیں اداکاری کے میدان میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرچکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: فلسطینی نژاد امریکی سماجی رہنما گلوکار عاصم اظہر کے مداح نکلے