مہنگائی سے تنگ عوام کے لیے ایک اور بری خبر، یوٹیلیٹی اسٹورز میں دالوں کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ سامنے آگیا۔
ایک روز قبل تمام یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیائے ضروریہ مہنگی کی گئی تھیں اور مسلسل اگلے ہی رووز تمام یوٹیلیٹی اسٹورز پر دالوں کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا۔
دالیں مہنگی کرنے کے حوالے سے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق دال چنا کی قیمت میں 28 روپے فی کلو اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد دال چنا کی قیمت 190 روپے فی کلو ہوگئی ہے۔ جبکہ سفید چنےکی قیمت میں 87 روپے فی کلو کا اضافہ کردیا گیا، جس کے بعد چنے کی قیمت 300 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔
نوٹیفیکیشن میں بتایا گیا ہے کہ دال مسور کی قیمت میں 55 روپے فی کلو کا اضافہ کردیا گیا ہے، اضافے کے بعد اسٹورز پر دال مسور 215 کے بجائے 270 روپے فی کلو ملے گی۔
واضح رہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر گزشتہ روز ہی مختلف اشیائے ضروریا کی قیمتوں میں اضافہ کیا گی تھا جس کے بعد آج دالوں کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا۔