عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں بڑی کمی ہوئی ہے جس کے بعد یہ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی کمی ہوجائے گی۔
تفصیلات کے مطابق انڈسٹری ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمت میں 12 سے 14 روپے کمی ریکارڈ کی جاچکی ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 25 سے 30 روپے فی لیٹر کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
انڈسٹری ذرائع کے مطابق پیٹرولیم لیوی نہ بڑھے تو 16 جولائی سے قیمت میں کمی ہوسکتی ہے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے تیل کی قیمتوں میں کمی کی سمری وزارت پیٹرولیم و خزانہ سے طلب کرلی ہے۔
علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل سستا ہوا ہے، اب وزیر اعظم جلد عوام کو خوشخبری دیں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم غریب عوام کی فلاح کے لیے آگے بڑھ رہے ہیں، بجلی کے بلوں پر سبسڈی سے ساڑھے 5 کروڑ افراد کا فائدہ ہوگا۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ گزشتہ چار سالوں میں اداروں اور معیشت کی تباہی عوام کے سامنے ہے، چار سالوں میں نواز شریف اور شہباز شریف کی محنت پر پانی پھیر دیا گیا، عمران خان نے حکومت سے جاتے جاتے عوام کے ساتھ دھوکا کیا۔