ورلڈ بینک کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ اسرائیلی بربریت کے دوران عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں بڑا اضافہ ہوسکتا ہے۔ خام تیل کی قیمت 150 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کرسکتی ہے۔
واضح رہے کہ عالمی منڈی میں اس وقت برطانوی خام تیل برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 87 اعشاریہ 84 ڈالر فی بیرل ہے جب کہ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی فی بیرل قیمت 82 اعشاریہ 69 ڈالر فی بیرل ہے۔
ورلڈ بینک کا کہنا ہے کہ تنازع میں شدت آئی تو عالمی سطح پر اجناس اور تیل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ ممکن ہے۔
ورلڈ بینک کے مطابق تیل پیدا کرنے والے مرکزی ممالک نے سپلائی کم کردی تو 1970کی دہائی والی صورت حال پیدا ہوسکتی ہے۔کم اور درمیانی شدت کے علاقائی خلل کی صورت میں بھی تیل کی عالمی قیمت 102سے 121 ڈالر فی بیرل تک جاسکتی ہے۔
یوکرین جنگ اور اب غزہ جنگ سے اجناس کی مارکیٹ کے لیے دوہرا جھٹکا ہوگا۔
یاد رہے کہ غزہ کے شہدا کی تعداد 8 ہزار 3 سو سے بڑھ گئی ہے جن میں ساڑھے 3 ہزار بچے شامل ہیں،اسرائیل کی جانب سے غزہ میں حملے جاری ہیں اور اب زمینی آپریشن بھی شروع کردیا گیا ہے۔