اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کو اپنی اسمبلی سے شکست دلوانا تاریخی کامیابی ہے۔ اب یوسف رضا گیلانی کو چیئر مین سینیٹ منتخب کرائیں گے۔
قومی اسمبلی میں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے امیدوار سیّد یوسف رضا گیلانی کی فتح کے بعد نیوز کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین کا کہنا تھا کہ سب سے ضروری بات یہ ہے کہ ہم جیت چکے ہیں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن کامیابی پورے پاکستان کی کامیابی ہے، آج پارلیمان کے وقار میں اضافہ ہوا ہے، عمران خان کو اپنی اسمبلی سے شکست دلوانا تاریخی کامیابی ہے، تمام پی ڈی ایم جماعتوں کا شکر گزار ہوں۔ آج جمہوریت کی آواز بلند ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تین دفعہ گنتی کرائی گئیں، عمران خان سپورٹس مین سپرٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے شکست تسلیم کر لیں۔ ہم نے ضمنی اور سینیٹ الیکشن میں حکومت کو شکست دی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کٹھ پتلی حکومت کے خلاف جنگ جاری رہے گی، ظالم حکومت کو جلد گھر بھیجیں گے۔ اگر ان میں شرم ہوتی تو مستعفی ہو جاتے، شہباز شریف اور فضل الرحمان کے پاس جاؤں گا۔
سابق صدر آصف زرداری کے صاحبزادے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے فاتح امیدوار یوسف رضا گیلانی کو چیئر مین سینیٹ منتخب کرائیں گے۔ یہ ایک قسم کا پی ٹی آئی ایم ایف پروگرام پرعدم اعتماد ہے۔
یہ بھی پرھیں: پی ایس ایل 6:گلیڈی ایٹرز کا سلطانز کو جیت کیلئے 177 رنز کا ہدف