اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ملک کو درپیش معاشی مسائل کے پیشِ نظر تنخواہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نومنتخب صدر آصف علی زرداری نے اقتدار سنبھالتے ہی تنخواہ نہ لینے کا اعلان کیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ صدر نے یہ فیصلہ ملک کو درپیش معاشی چیلنجز کے پیشِ نظر کیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ صدرِ مملکت کے تنخواہ نہ لینے کے فیصلے کا مقصد دانشمندانہ مالیاتی انتظام کی حوصلہ افزائی کرنا ہے جبکہ صدرِ مملکت آصف زرداری کی جانب سے فیصلے کے متعلق کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل گزشتہ دورِ حکومت کی وفاقی کابینہ نے کفایت شعاری پالیسی کی منظوری دیدی، گزشتہ برس کے دوران وفاقی وزراء نے تنخواہیں اور تمام مراعات نہ لینے کا فیصلہ کیا تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ کابینہ اراکین اور سرکاری افسر سفر کے لیے بزنس کلاس بھی استعمال نہیں کریں گے۔
فروری 2023 میں وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کفایت شعاری حکومت کی اولین ترجیح ہے، آئی ایم ایف پروگرام جلد مل جائے گا، ایک دو آئٹم رہ گئی ہیں، ہمیں ملک و قوم کی بہتری کیلئے قربانی دینا ہوگی۔