صدرِ مملکت جناب آصف علی زرداری نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔ ان کی آمد پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے پرتپاک استقبال کیا، جبکہ ایک چاق و چوبند بحری دستے نے صدرِ مملکت کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ صدرِ مملکت نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور بعدازاں پرنسپل اسٹاف آفیسرز کا ان سے تعارف کرایا گیا۔
ملاقات کے دوران، نیول چیف نے صدرِ مملکت کو علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی کی صورتحال سے اگاہ کیا۔ بعد ازاں صدر مملکت کو پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں، معرکۂ حق کے دوران پاک بحریہ کی حکمتِ عملی اور ناقابلِ تسخیر دفاع سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
صدر آصف علی زرداری نے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مادرِ وطن کی سمندری سرحدوں کے کامیاب دفاع پر پاک بحریہ کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو اپنی مسلح افواج پر فخر ہے اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر مکمل اعتماد رکھتی ہے۔ صدر نے بھارتی جارحیت کے مقابلے میں پاک بحریہ کے بروقت اور مؤثر ردعمل، غیر متزلزل عزم اور دشمن کے عزائم کو ناکام بنانے کی کوششوں کو سراہا۔
صدرِ مملکت نے میری ٹائم ڈومین میں درپیش ابھرتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاک بحریہ کی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے نیول ہیڈکوارٹرز کا دورہ کرنے پر صدرِ پاکستان شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک بحریہ اللہ کے فضل سے، خواہ امن ہو یا جنگ، ملکی سمندری سرحدوں اور بحری مفادات کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔