صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کے بغیر برصغیر اور جنوبی ایشیا سمیت خطے میں دیر پا امن کا قیام ممکن نہیں، جبکہ وادی کی صورتحال تشویشناک ہے۔
صدر ڈاکٹر عارف علوی نے جاپانی فرماں روا کی طرف سے پاکستان سمیت مختلف ممالک کے سربراہان اور حکومتی نمائندوں کے اعزاز میں دئیے گئے عشائیے میں شرکت کے دوران اہم ملکی و بین الاقوامی امور پر گفتگو کی۔
یہ بھی پڑھیں: نریندرمودی کی ہریانہ میں تقریرسندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی ہے، وزیر خارجہ
مختلف ممالک کے سربراہان و حکومتی نمائندگان سے بات چیت کے دوران صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں طاقت کے بل بوتے پر مظلوم عوام کے حقِ خود ارادیت کو دبانے کی کوشش کر رہا ہے۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ بھارت اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتا جبکہ بین الاقوامی برادری کو چاہئے کہ خطے میں قیامِ امن اور مسئلۂ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے مختلف ممالک کے سربراہان اور حکومتی نمائندگان کو دعوت دی کہ پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری کریں، جبکہ پاکستان میں کاروبار کے بہتر سے بہتر مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل جاپان کے فرماں روا ناروہیٹو کی تاجپوشی کی تقریب میں شرکت کے لیےصدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی جاپان کے سرکاری دورے پر روانہ ہو گئے ،اس تقریب میں 100 سے زائد ممالک کے سربراہان نے شرکت کی۔
صدارتی ترجمان کے مطابق صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی دورے کے دوران جاپان کے فرماں روا ناروہیٹو کی تاج پوشی کے تقریب میں شرکت کے علاوہ جاپانی قیادت اور جاپانی کمپنیوں کے نمائندوں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔
مزید پڑھیں: صدر عارف علوی جاپان روانہ، فرماں روا ناروہیٹو کی تاجپوشی تقریب میں شریک ہونگے