اسلام آباد: صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، ہم مادرِ وطن کی آزادی کا ہر قیمت پر دفاع کریں گے، اچھی نیت کے ساتھ آگے بڑھنے پر یقین رکھتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آج یومِ پاکستان پریڈ کی شاندار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں ملک کی مسلح افواج کو سلام پیش کرتا ہوں۔ 23 مارچ 1940ء کو برصغیر کے مسلمانوں نے الگ وطن کا تعین کیا۔ آج پاکستان ایک ایٹمی قوت بن چکا ہے۔
تقریب سے خطاب کے دوران صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ یومِ پاکستان وہ دن ہے جب شاعرِ مشرق کی فکر اور بانئ پاکستان کی جدوجہد سے ایک خواب دیکھا گیا جو 7 برس میں شرمندۂ تعبیر بھی ہوا۔ مسلح افواج نے ہر کڑے وقت میں مادرِ وطن کی حفاظت پر جانیں قربان کیں۔
صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ سائنس و ٹیکنالوجی سمیت ہر شعبے میں انقلابی تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں، ملک کو اسلامی وراثت اور قومی روایات کو ساتھ لے کر چلنا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی کاوشیں کامیاب رہیں جن کا دنیا نے اعتراف کیا۔ پاکستان خطے میں امن و سلامتی اور ترقی چاہتا ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ کشمیری عوام پر بھارتی فوج جو ظلم و ستم ڈھا رہی ہے، اس پر پاکستان سمیت عالمی برادری تشویش میں مبتلا ہے۔ کشمیریوں پر مظالم انسانی المیے کی صورت اختیار کرچکے ہیں۔ جب تک مسئلۂ کشمیر حل نہیں کیا جاتا، جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا حقیقی اور سچا دوست ہے۔ ہم زندہ قوم کی طرح آگے بڑھ رہے ہیں اور ہمیں آگے بڑھتے رہنا ہوگا۔ پاک فوج دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ کورونا ویکسین کی فراہمی پر چین کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
افغان امن عمل پر تبصرہ کرتے ہوئے صدرِ مملکت نے کہا کہ ہم نے افغانستان میں امن کیلئے بے شمار جانوں کی قربانی دی۔ دنیا افغانستان میں امن کیلئے کاوشوں پر پاکستان کی معترف ہے۔ اسلاموفوبیا کے خلاف اتحاد بین المسلمین کو مضبوط کرنا ہوگا۔ قومی مقاصد سوچ میں ملک کو مقدم رکھنے سے ہی حاصل کیے جاسکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: یومِ پاکستان پریڈ، ملک کو ناقابلِ تسخیر بنانے کیلئے شاندار صلاحیتوں کا مظاہرہ