صدر آصف زرداری اور وزیرِاعظم شہباز شریف نے قوم کو عیدالفطر کی دلی مبارکباد دیتے ہوئے اتحاد اور ہمدردی کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے عید کو خوشی، شکر گزاری اور بھائی چارے کا دن قرار دیا اور پاکستانی عوام سے رمضان میں پروان چڑھنے والی تقویٰ، صبر اور قربانی کی اقدار کو برقرار رکھنے کی اپیل کی۔
صدر آصف زرداری نے اپنے عید پیغام میں صدقہ، زکوٰۃ، فطرانہ اور سماجی ذمہ داری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مستحق افراد کو یاد رکھا جائے تاکہ کوئی بھی عید کی خوشیوں سے محروم نہ رہے۔
انہوں نے اتحاد اور یکجہتی پر زور دیتے ہوئے پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ ایک دوسرے کی مدد کریں اور ملک کی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کریں۔ صدر نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے لیے بھی دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں آزادی اور امن نصیب کرے۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے اپنے عید پیغام میں پاکستان کو درپیش اندرونی اور بیرونی خطرات کا ذکر کرتے ہوئے انتہا پسندی، فرقہ واریت اور نفرت کے خلاف قومی یکجہتی پر زور دیا۔
انہوں نے معاشی استحکام، امن اور سماجی ہم آہنگی کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
وزیرِاعظم نے جعفر ایکسپریس حادثے میں جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ سے اظہارِ یکجہتی کیا اور فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کی حمایت کا عزم دہرایا۔