اسلام آباد: صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے نئے سال 2023 کے آغاز پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نئے سال کی آمد پر قوم کے نام اپنے پیغام میں پاکستان کو امن، خوشحالی اور ترقی کا گہوارہ بنانے کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
دنیا بھر میں نئے سال 2023 کا جشن، آسمان رنگوں میں نہا گیا
نئے سال کی آمد پر اپنے پیغام میں صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ قوم کو گزشتہ سال مختلف چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا لیکن محنت، قربانی اور عزم و ہمت سے مشکل حالات پر قابو پایا ہے۔
پیغام میں صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ نئے سال میں من حیث القوم ہمیں درپیش چیلنجز پر قابو پانے کیلئے اپنی ترجیحات کا درست تعین کرنا ہوگا۔ پاکستان کو خوشحال، ترقی یافتہ اور مستحکم ملک بنانا ہے۔
صدرِ مملکت نے نئے سال کی آمد پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو جمہوری و مستحکم ملک بنانے کیلئے ہمیں قومی یکجہتی، اتحاد، نظم و ضبط، مسلسل محنت، جذبے اور لگن کی ضرورت ہے۔
دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی نئے سال کی آمد پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ نیا سال پاکستان سمیت پوری دنیا سے بھوک، جنگ، دہشت گردی، جرائم، فرقہ واریت اور طبقاتی تقسیم ختم کرے گا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک کی معاشی صورتحال کی بہتری، سیلاب متاثرین کی بحالی، دہشت گردی کے خاتمے اور عوام کی تکالیف میں کمی کیلئے دن رات کام کرنے کے عز م کا اعادہ کیا۔