اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے عید الفطر کی آمد کے اعلان پر قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین رویتِ ہلال کمیٹی کی جانب سے عید الفطر بدھ کو ہونے کے اعلان کے بعد قوم کے نام اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ میں پاکستانی قوم اور امتِ مسلمہ کو عیدالفطر کی آمد کی مبارکباد دیتا ہوں۔
قوم کے نام پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ عید امن و خوشحالی کیلئے باہمی رنجشیں بھلا کر اکٹھا ہونے کا اور معاشرے میں معاشی طور پر کمزور بہن بھائیوں کی مدد کرنے کا نام ہے۔ عوام معاشی اعتبار سے کمزور لوگوں کو عید میں ضرور شامل کریں۔
دوسری جانب قوم کے نام اپنے پیغام میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پوری قوم اور امتِ مسلمہ کو عید کی مبارکباد دیتا ہوں اور دعا گو ہوں کہ عید کا دن ہمارے لیے برکتیں، خوشیاں، امن اور خوشحالی لانے والا دن ثابت ہو۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ ہمیں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہئے کہ ہمیں رمضان کی برکتیں، سعادتیں اور خوشیاں نصیب ہوئیں۔ عید الفطر خوشیاں بانٹنے اور معاشرے کے محروم طبقات کیلئے ایثار و قربانی کا مظاہرہ کرنے کا دن ہے۔