اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آئین کے آرٹیکل 54 (1) کے تحت پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج طلب کیاہے، اجلاس میں اہم قانون سازی کے علاوہ کشمیر یوں سے اظہار یکجہتی کیاجائیگا۔
مشترکہ اجلاس شام پانچ بجے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ہوگا جس میں اہم قانون سازی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ایوان ایک غیرقانونی مقبوضہ جموں وکشمیر کے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے ایک قرارداد پاس کرے گا۔
اطلاعات کے مطابق قومی اسمبلی نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں جو بل پیش کیا ہے ان میں اسلام آباد ہائی کورٹ ، ایف اے ٹی ایف ، پاکستان میڈیکل ٹربیونل بل ، باہمی قانونی معاونت بل ، فیڈرل پبلک سروس کمیشن بل ، کمپنیز ترمیمی بل،ہیومن رائٹس کے ججوں کی تعداد میں اضافہ شامل ہے۔
اس سے قبل صدر ڈاکٹر عارف علوی نے گزشتہ روز یوم استحصال کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھاکہ اقوام متحدہ تنازعہ کشمیر کے حل سے متعلق اپنے وعدوں کو پورا کرے۔
مزید پڑھیں:بھارت سلامتی کونسل میں کشمیر کو دوطرفہ تنازعہ ثابت کرنے میں ناکام رہا، شاہ محمود قریشی