اسلام آباد :صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے جمعہ کو الوداعی گارڈ آف آنر دیدیا۔
گارڈ آف آنر کی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی۔ ڈاکٹر عارف علوی نئے صدر کے انتخاب کے بعد 9 مارچ کو اپنے عہدے کا چارج چھوڑ دیں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان کے 14ویں صدر کا انتخاب کل 9 مارچ کو ہوگا۔سابق صدر آصف علی زرداری اور محمود خان اچکزئی صدارت کے امیدوار ہیں۔ صدارتی انتخاب میں چاروں صوبائی اسمبلیوں، سینیٹ اور قومی اسمبلی کے ارکان ووٹ ڈالیں گے۔
آئین کے تحت چیف الیکشن کمشنر صدارتی انتخاب کے لیے ریٹرننگ افسر ہوں گے۔ قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں پولنگ صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہے گی۔
صدر کا انتخاب الیکٹورل کالج کے ذریعے کیا جاتا ہے۔ ووٹرز کو قومی و صوبائی اسمبلی اور سینیٹ کے شناختی کارڈ ساتھ لانے کی ضرورت ہے۔اگر ووٹر بیلٹ پیپر پر کوئی ایسا نشان لگاتا ہے جس سے اس کی شناخت ممکن ہو تو ووٹ کو منسوخ تصور کیا جائے گا۔
پریزائیڈنگ آفیسر امیدواروں یا ان کے نمائندوں کی موجودگی میں بیلٹ بکس کھولے گا۔ پریذائیڈنگ آفیسر بیلٹ پیپرز کا معائنہ کرے گا اور منسوخ ووٹوں کو مسترد کرے گا۔
پریزائیڈنگ آفیسر ووٹوں کی گنتی کرے گا اور امیدواروں کے حاصل کردہ ووٹوں کو الگ الگ تھیلوں میں سیل کرے گا۔ پریزائیڈنگ افسر نتائج کو فارم 5 پر ریکارڈ کر کے ریٹرننگ افسر، چیف الیکشن کمشنر کو بھیجے گا۔جس کے بعد نئے صدر مملکت کے انتخاب کا اعلان ہوگا۔