اسلام آباد: بجلی کے بعد گیس کی قیمتیں بھی مزید بڑھانے کی تیاری کرلی گئی۔ سوئی ناردرن نے گیس مزید 137.62 فیصد مہنگی کرنے کی درخواست اوگرا میں دائر کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق سوئی ناردرن نے گیس1715 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مہنگی کرنیکی درخواست کی ہے، درخواست 24-2023کی ریونیو ضروریات میں کمی پورا کرنیکے لیے دائر کی گئی۔سوئی ناردرن نے گیس کی قیمت میں اضافہ یکم جولائی2023 سے مانگا ہے۔
اوگرا کی جانب سے سوئی ناردرن کی درخواست پر سماعت11 دسمبر کو ہوگی۔
سوئی ناردرن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق مالی سال 24-2023 کے لیے 181 ارب 51 کروڑ 60 لاکھ روپے ریونیو کمی کا تخمینہ ہے،گیس کی قیمت 2961 روپے 98 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی جائے۔
سوئی ناردرن کے مطابق روپے کی قدر میں کمی کی مد میں 56 روپے 48 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ مانگا گیا۔گیس کی موجودہ قیمت1246 روپے 49 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو ہے، درخواست میں بقایا جات کی مد میں 1209 روپے 14 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ مانگا گیا ہے۔