کراچی:پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما تاج حیدر کے گزری میں واقع گھر کی بالائی منزل سے ان کی غیر موجودگی میں نامعلوم ملزمان مختلف چیزیں چوری کرکے فرار ہو گئے۔
سینئر رہنما تاج حیدر نے میڈیا نمائندگان سے بات چیت کے دوران بتایا کہ ان کے سرکاری پاسپورٹ اور شادی کے البم سمیت دیگر اشیاء غائب ہیں۔ جس وقت یہ واردات ہوئی، وہ اپنے گھر پر نہیں تھے۔ جب وہ اندرونِ سندھ کے دورے سے واپس آئے تو انہیں پتہ چلا کہ ان کے گھر میں چوری ہوچکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب کے تھانوں میں پولیس اہلکاروں کے موبائل استعمال کرنے پر پابندی
تاج حیدر کی اہلیہ کے مطابق اس سے قبل ان کے زیورات بھی چوری ہوئے تھے۔ کراچی پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے اس پر تفتیش شروع کردی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے ذمہ دار ملزمان کو جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
دوسری جانب آئی جی سندھ نے اس واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ تھانے کے حکام سے واردات کی تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے جبکہ پیپلز پارٹی سمیت ملک کی دیگر سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے سیاسی رہنماؤں نے اس واقعے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل حافظ آباد پولیس نے رواں سال سب سے بڑی ڈکیتی کرنے والے گروہ کو گرفتار کر لیا 21 لاکھ روپے نقد اور اسلحہ بھی برآمد کیا ۔ڈی پی او حافظ آباد کے مطابق چار رکنی گروہ نے حافظ آباد میں ڈکیتی کی واردات سمیت دیگر جرائم کے ارتکاب کا اعتراف کر لیا ہے۔ گینگ کے سرغنہ کا نام عادل بتایا جاتا ہے جس کی سربراہی میں گروہ نے متعدد وارداتیں کیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تین ماہ قبل ملزمان نے ایک فیکٹری مالک کو ہراساں کیا اور اس سے 21 لاکھ روپے کی خطیر رقم لوٹ کر لے گئے۔فیکٹری مالک کا سابقہ ڈرائیور بھی واردات میں ملزمان کا آلہ کار تھا جس نے انہیں معلومات فراہم کیں۔
مزید پڑھیں: حافظ آباد میں بڑا ڈکیت گروہ گرفتار، 21 لاکھ روپے نقد اور اسلحہ برآمد