کراچی : عباسی شہید اسپتال مچھروں، مکھیوں اور کھٹملوں کی آماجگاہ بن گیا،صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات، صفائی کا عملہ انتظامیہ کی ملی بھگت سے غائب ہوگیا۔
پان اور گٹکے کی پیکوں سے دیوار سرخ جبکہ مریضوں کے لئے واش روم بھی بند کردیئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق عباسی شہید اسپتال سٹی گورنمنٹ کا شہر کا سب سے بڑا اسپتال ہے۔ سندھ گورنمنٹ اور سٹی گورنمنٹ آپس کی لڑائی کے باعث مذکورہ اسپتال تباہی کے دہانے پر پہنچ گیاہے۔
اسپتال میں داخل مریضوں نے بتایاکہ کئی ماہ سے اسپتال میں مریضوں کے لئے ادویات بند کردی گئی ہیں جس کے باعث او پی ڈی میں ڈاکٹرز مریضوں کی طرف اور میڈیکل ریپ کی طرف زیادہ توجہ دیتے ہیں۔
متعلقہ خبر : وزیر خوراک مچھر کے وار سے نہ بچ سکے‘ ہری رام کشوری لال ڈینگی بخار میں مبتلا ہوگئے
اسپتال میں صفائی سرے سے ہوتی ہی نہیں ہے۔ صفائی کا عملہ انتظامیہ کو منتھلی دے کر کئی کئی دن غائب رہتا ہے جس کی وجہ سے اسپتال گندگی کا ڈھیر بن گیا ہے۔ اسپتال کی دیواروں پر پان اور گٹکے کے نشان اور بدبو عام ہوگئی ہے جبکہ مریضوں کو دیئے جانے والے بیڈ کھٹملوں سے اٹے ہوئے ہیں۔