صوبہ پنجاب کے مشہور شہر سیالکوٹ میں وڈیرہ شاہی کی یاد تازہ ہو گئی ہے، سیاستدان نے پولیس کی موجودگی میں 3 نوجوانوں پر مبینہ طور پر جوتوں سے تشدد کیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق یوسی ناظم جامکے چیمہ نے وڈیرہ شاہی کی یاد تازہ کرتے ہوئے تھانہ موترہ میں تعینات اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) کی موجودگی میں 3 نوجوانوں پر جوتوں سے تشدد کیا جس کے دوران پولیس کا قابلِ فخر سپاہی سارا تماشا دیکھتا رہا۔
پولیس کے اے ایس آئی نے سابق یوسی ناظم کو غیر قانونی کام سے نہیں روکا جبکہ مذکورہ سیاستدان نے معمولی تلخ کلامی پر پولیس کے ذریعے تینوں نوجوانوں کو اپنے گھر بلوا کر ان پر تشدد کیا اور عوام اور پولیس کی موجودگی میں جوتوں سے مارا۔
ڈی پی او سیالکوٹ نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کے خلاف فوری کارروائی کی۔ سابق یوسی ناظم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا گیا جبکہ مذکورہ اے ایس آئی کو معطل کرکے واقعے کی مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔