اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان سے پولیو کے خاتمے کیلئے تمام سیاسی قیادت متحد ہیں، کورونا کے اثرات کے باوجود انسداد پولیو مہمات کیلئے بالکل تیار ہیں، پولیو کو شکست دینے کیلئے مزید متحد ہو کر کام کریں گے۔
وزیراعظم کے معاون برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے پولیو انڈیپنڈنٹ مانیٹر نگ بورڈ آئی ایم بی سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 2019 میں پاکستان پولیو پروگرام کو کئی چیلنجز درپیش تھے، آئی ایم بی کی اکتوبر2019 کی تجاویز پر بھرپور عملدرآمد کیا گیا، پولیو کے خاتمے کیلئے تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان سے پولیو کے خاتمے کیلئے تمام سیاسی قیادت متحد ہیں۔ انہوں نے کہاکہ الیکٹرانک وپرنٹ میڈیا اور سوشل میڈیا پر آگہی مہم جاری ہے، فرنٹ لائن ورکرز کی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دی گئی۔
انہوں نے کہاکہ دسمبر2019 اور فروری2020 میں کامیاب انسداد پولیو مہمات کی گئیں، کورونا کے اثرات کے باوجود انسداد پولیو مہمات کیلئے بالکل تیار ہیں، پولیو کو شکست دینے کیلئے مزید متحد ہو کر کام کریں گے۔
انہوں نے کہاکہ کورونا سے نمٹنے کا تجربہ پولیو کے خاتمے کیلئے مددگار ثابت ہوگا، مارچ 2020 میں کورونا کیسز کے بعد پاکستان میں پولیو مہم روک دی گئی تھی۔
انہوں نے کہاکہ دوسرے ممالک کی طرح پاکستان میں بھی کورونا سے ہیلتھ ورکرز متاثر ہوئے، کورونا سے نمٹنے کیلئے پولیو ورکرز کا کردار قابل تحسین ہے۔
مزید پڑھیں: نیب نے ڈاکٹر ظفر مرزا اور عامر کیانی کے خلاف انکوائریوں کی منظوری دے دی