قومی ائیر لائن کے فلائٹ آپریشنز کیلئے یورپی ممالک نے مشروط اجازت دے دی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

اسلام آباد: قومی ائیر لائن (پی آئی اے) کے فلائٹ آپریشنز کیلئے یورپی ممالک نے پابندی عائد کرنے کے بعد مشروط اجازت دے دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق یورپی یونین نے پی آئی اے کی واپس آنے والی پروازیں آپریٹ کرنے کی اجازت دی جبکہ یہ اجازت سیکریٹری خارجہ کی ہنگامی کالز پر دی گئیں۔

سیکریٹری وزارتِ خارجہ نے قومی ائیر لائن پر 6 ماہ کی پابندی عائد ہونے پر تمام یورپی ممالک کے سفیروں سے رابطہ کیا جن کی درخواست پر یونین  نے قومی ائیر لائن کو 3 جولائی تک فلائٹ آپریشنز کی اجازت دی۔

اجازت کے تحت قومی ائیر لائن (پی آئی اے) آج سے 3 جولائی تک برطانیہ سمیت یورپی یونین کے ممبر ممالک کی فضائی حدود میں آمدورفت جاری رکھ سکیں گے۔

قومی ائیر لائن (پی آئی اے) کی پروازیں معمول کے تحت عالمی ہوائی اڈوں پر لینڈنگ کرسکیں گی جبکہ یہ مشروط اجازت وزارتِ خارجہ کے ساتھ ساتھ قومی ائیر لائن کی انتظامیہ اور پاکستانی سفیروں کی کاوشوں سے دی گئی۔

یورپی یونین کی طرف سے عائد پابندی کے بعد قومی ائیر لائن کی پروازوں پی کے 785 اور 786 کو فلائٹ آپریشنز سے روک دیا گیا تھا جو اب پرواز کرسکیں گی۔

دوسری جانب پی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ قومی ائیر لائن کی طرف سے معاملات درست کرنے کی کاوشیں جاری ہیں۔ یورپی ممالک سے مزید پروازوں کا جلد ہی اعلان کریں گے۔ 

یاد رہے کہ اس سے قبل  پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما اور سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ جس طرح پی آئی اے کو یورپ میں کالعدم قرار دے دیا گیا ہے، مزید ممالک بھی پابندی لگا دیں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ قومی سطح پر پائلٹس کی نااہلی پر ان کو تصدیقی عمل سے گزارنا قومی سطح پر ہتکِ عزت کا باعث بنا۔

مزید پڑھیں: پی آئی اے پر  مزید ممالک بھی پابندی لگا دیں گے۔شیری رحمان