لاہور:ریلوے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ٹک ٹاکرز کے خلاف پاکستان ریلوے پولیس کی کارروائی کرتے ہوئے ٹک ٹاکرز اسرار گوندل اور زوہیب کو گرفتار کر لیا گیا۔
ملزمان نے ریلوے پھاٹک نمبر 33 درمیان رائیونڈ اور جیا بھگا ٹک ٹاک ویڈیو بنائی تھی دونوں ملزمان کے خلاف تھانہ ریلوے پولیس رائیونڈ مقدمہ کا اندراج کر لیا گیا ہے ملزمان کے خلاف 120, 121, 129 ریلوے ایکٹ اور 186,290 PPC کے تحت مقدمات کا اندراج کیا گیا ہے۔
اے آئی جی ایڈمن ملک محمد عتیق کے مطابق ملزمان نے ریلوے کی حدود میں قانون کی خلاف ورزی کی ۔جس پران کے خلاف مقدمہ درج کر کے ٹک ٹاکرز کو گرفتار کیا گیا ہے۔
اے آئی جی ایڈمن کی جانب سے عوام الناس سے گزارش ہے کہ وہ ریلوے قوانین کا احترام کریں ۔ اپنی زندگی سے پیار کریں اور ریلوے پولیس سے تعاون کریں۔
واضح رہے کہ ملک میں ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے دوران متعدد حادثات میں درجنوں افراد موت کا شکار ہوچکے ہیں، کئی افراد ٹک ٹاک بناتے ہوئے ٹرین حادثات جبکہ کئی لوگ دیگر حادثات میں لقمہ اجل بنے۔