چارسدہ میں ذہنی مریض کے اندھے قتل کے کیس کے ملزم کا پتہ چلا لیا گیا، پولیس نے تشدد پسند ملزم کو گرفتار کرکے حوالات میں بند کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چارسدہ کی عمرزئی پولیس کو نامعلوم ملزم کے ہاتھوں ذہنی مریض کو بے دردی سے قتل کیے جانے کی اطلاع ملی۔ مدعی خائستہ رحمن ولد نورحمن نے کہا کہ مقتول شیر رحمٰن ولد نور رحمن میرا بھائی تھا جو اکثر اوقات گھر سے باہر رہا کرتا تھا۔
شیر پاؤ کے رہائشی مدعی خائستہ رحمٰن نے کہا کہ بھائی کے قتل ہونے کی اطلاع ملتے ہی موقعے پر پہنچا تو کسی نامعلوم ملزم نے اسے تشددکا نشانہ بنا کر بے دردی سے قتل کردیا تھا جبکہ ہماری کسی سے دشمنی نہیں ہے، جس پر تھانہ عمرزئی میں نامعلوم ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی۔
افسوسناک واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او چارسدہ محمد شعیب خان نے ایس پی انوسٹی گیشن افتخار شاہ خان، ڈی ایس پی تنگی خالد خان، ایس ایچ او عمرزئی فضل داؤد خان اور انوسٹی گیشن آفیسر مظفر خان پر مشتمل ٹیم تشکیل دی اور ملزم کی گرفتاری اور اصل حقائق منظر عام پر لانے کا ٹاسک دیا۔
تفتیشی ٹیم نے مختلف زاویوں پر تحقیق شروع کرتے ہوئے ضلع مہمند کے رہائشی اصل ملزم راز محمد ولد حاضر محمد تک رسائی حاصل کی اور ملزم کو آلۂ قتل سمیت گرفتار کیا۔ دوران تفتیش ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ وقوعہ سے ایک دن پہلے مقتول اور میں دونوں چرس پی رہے تھے۔
ملزم کے مطابق اس دوران مقتول سے اس کی زبانی تکرار شروع ہوئی اور اس کے ساتھ لڑائی ہوئی۔ رات کو طیش میں آکر مقتول کو لکڑی کے وار سے سر پر مار کر قتل کیا۔واقعے کے حوالے سے ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو جلد عدالت میں پیش کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی میں9 افراد کا قتل، 25 افراد پرمقدمہ درج