شہرِ قائد سے 3 رکنی بین الصوبائی ڈکیت گروہ گرفتار کیا گیا ہے جس کے قبضے سے پولیس نے اسلحہ برآمد کرکے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ضلع ملیر کی پولیس نے کراچی کے علاقے گڈاپ سٹی سے 3 رکنی بین الصوبائی ڈکیت گروہ کو گرفتار کیا۔ گرفتار کیے گئے ملزمان پنجاب کے حلع رحیم یار خان کے ساتھ ساتھ کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر، سچل اور سپر ہائی وے کے علاقوں میں ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔
کراچی پولیس نے ملزمان کے بارے میں خفیہ اطلاع ملنے پر سپر ہائی وے کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا جن کے قبضے سے وارداتوں کے دوران استعمال ہونے والا اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کیا گیا۔ پولیس نے ملزمان کے استعمال میں رہنے والا رکشہ بھی اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔
ضلع ملیر پولیس کے مطابق ملزمان ہر بار واردات کے بعد فرار ہونے کیلئے رکشے میں سوار ہوجاتے تھے۔ تینوں عادی مجرم ہیں جن کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔مقامی پولیس نے ملزمان کا کریمنل ریکارڈ حاصل کرنے کیلئے پنجاب پولیس سے بھی رابطہ کیا ہے۔
ترجمان ضلع ملیر پولیس کے مطابق پنجاب سے ملزمان کا کریمنل ریکارڈ حاصل کیا جارہا ہے۔ گرفتار کیے گئے ملزمان شعیب، سرور اور زوار سے برآمد کیا گیا اسلحہ معائنے کیلئے روانہ کیا جارہا ہے۔ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جس کے دوران مزید انکشافات متوقع ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں گٹکا مافیا کے خلاف کارروائی، 1 گرفتار، 3 فرار