کراچی پولیس نے منشیات فروشی کے سنگین الزام میں 2 سگے بھائیوں کو حراست میں لے لیا ہے، ایس ایس پی عرفان بہادر کے مطابق ملزمان کی گرفتاری نیشنل ہائی وے کے قریب عمل میں لائی گئی۔
تفصیلات کے مطابق شاہ لطیف پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے نیشنل ہائی وے کے قریب 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا جن کے قبضے سے 4 کلو سے زائد چرس برآمد ہوئی ہے۔
گرفتار ملزمان نے کراچی کے مختلف علاقوں میں منشیات فروشی کا اعتراف کر لیا۔ ملزمان اختر اور زبیر کے نام پولیس کو مطلوب منشیات فروشوں کی فہرست میں پہلے ہی شامل تھے۔
ایس ایس پی عرفان بہادر کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جن سے تفتیش جاری ہے جس میں اہم انکشافات کی توقع ہے۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل کراچی پولیس نے کوئٹہ سے لائی گئی منشیات کی کراچی میں سپلائی ناکام بناتے ہوئے میاں بیوی سمیت بین الصوبائی ڈرگ سپلائر گروہ کے 4 کارندوں کو گرفتار کرلیا۔
آج سے 2 روز قبل پولیس نے خفیہ اطلاع پر علی ابراہیم حیدری کے علاقے علی اکبر شاہ گوتھ کے قریب ریڑھی روڈ پر کارروائی کی جس کے دوران مشکوک کار کو روکا گیا اور تلاشی لی گئی۔ پولیس نے کار سواروں کے قبضے سے 1 کلو گرام ہیروئن، 2 کلو چرس اور 7 کلو افیون برآمد کر لی۔
مزید پڑھیں: کراچی پولیس کی کارروائی، میاں بیوی سمیت 4 بین الصوبائی ڈرگ سپلائرز گرفتار
قبل ازیں ضلع ایسٹ پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے پی آٸی بی کالونی کے سب سے بدنام منشیات فروش کو پولیس مقابلے کے دوران زخمی کردیا تھا جو بعد ازاں جان کی بازی ہارگیا۔
تھانہ پی آٸی بی پولیس کا عیسیٰ نگری جھنڈے شاہ قبرستان پر منشیات فروش ملزمان سے مقابلہ ہوا۔ پولیس نے مقابلے کے ایک ملزم کو شدید زخمی حالت میں ساتھی سمیت گرفتار کرلیا تاہم 2 ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ مقابلے میں زخمی ہونے والا منشیات فروش نعیم شاہ کو اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
مزید پڑھیں: پولیس کی بڑی کارروائی، بدزمانہ منشیات فروش نعیم شاہ مقابلے میں ہلاک