پشاور: سی ٹی ڈی حکام اور حساس ادارے کے اہلکاروں نے وادی تیرہ میں کارروائی کرتے ہوئے بھاری ہتھیار اور گولا بارود برآمد کرلیے۔
کاونٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ ( سی ٹی ڈی ) پشاور اور حساس ادارے نے خفیہ اطلاع پر ضلع خیبر کے علاقہ شلوبر خیل تیراہ میدان کے کھنڈر نما مکان میں چھاپہ مار کارروائی کی تو مکان میں موجود دہشت گرد پولیس ٹیم کو دیکھ کر فرار ہوگئے تاہم ان کے قبضے سے بھاری ہتھیار اور گولا بارود برآمد کرلیا گیا۔
سیکورٹی حکام کے مطابق دہشتگردوں کے قبضے سے ملنے والے اسلحہ میں 17 عدد پیٹی 7۔12 بور، 1445 عدد کارتوس، کارتوس 14.7MM بور دو بکس کل 170 کارتوس، ہینڈ گرینڈ سات عدد، دو عدد گولے RPG-7، آٹھ عدد RPG-7 فیوز شامل ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق برآمد ہونے والے اسلحے میں دو عدد کارتوس 81MM، تین عدد آرٹلری فیوز، دو عدد آرٹلری کارتوس، ایک عدد روسی ساختہ میزائل، دو عدد خود ساختہ بم (IEDs)، ایک عدد اینٹی پرسن مائن، ایک عدد گن RPG-7 اور ایک عدد واکی ٹاکی سیٹ شامل ہے۔
پولیس کے مطابق فرار ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان سے ہے جن میں محمد آصف، کمانڈر شہزاد گل عرف فاروق اور گل آمین شامل ہیں۔
کاونٹر ٹیرارزم پشاور نے انسداد دہشت گردی ایکٹ سال 1997 کے تحت فرار دہشت گردوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے جب کہ دہشت گردوں کی گرفتاری کے لئے علاقہ میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : محکمہ داخلہ سندھ نے صوبے بھر میں مارکیٹیں کھولنے کا ترمیمی حکم نامہ جاری کردیا