لاہور: پی پی 84 کے ضمنی انتخاب میں خوشاب سے ن لیگ کے امیدوار ملک معظم 74 ہزار سے زائد ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پی پی 84 کے ضمنی انتخاب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ملک معظم نے 74 ہزار 165 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی جس پر ن لیگی کارکنان نے خوب جشن منایا اور شدید نعرے بازی کی۔
تحریکِ انصاف کے امیدوارعلی حسین بلوچ 63 ہزار 569 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے۔ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ملک معظم کی کامیابی پر پارٹی کی قیادت نے انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل خوشاب میں پی پی 84 کے ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ شروع ہوئی جس کے دوران پی ٹی آئی اور ن لیگ کے امیدواروں کے مابین کانٹے کا مقابلہ ہوا۔حلقے میں ضمنی انتخاب کیلئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔
قبل ازیں پی پی 84 کی نشست ن لیگی رکنِ اسمبلی وارث کلو کے انتقال پر خالی ہوئی جس پر گزشتہ روز ضمنی انتخاب کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ووٹ ڈالنے کیلئے عوام کی بڑی تعداد گھروں سے باہر نکل آئی اور اپنے پسندیدہ امیدوار کا انتخاب کیا۔
ضمنی انتخاب کیلئے مجموعی طور پر حلقے کے 2 لاکھ 92 ہزار سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز کی جانب سے ووٹ ڈالے گئے۔ صبح کے وقت پولنگ کا عمل شروع ہوا جو شام تک بلا تعطل جاری رہا۔
مزید پڑھیں: پی پی 84 کا ضمنی انتخاب، خوشاب میں پولنگ کا آغاز، کانٹے کا مقابلہ