اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف آج دورۂ جھنگ کے دوران 1244 میگا واٹ کے حویلی بہادر شاہ پلانٹ کا افتتاح کریں گے جس سے لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم آج جھنگ کا دورہ کریں گے جہاں حویلی بہادر شاہ پاور پلانٹ کا افتتاح کریں گے جبکہ یہ بجلی گھر سالانہ 10 ارب یونٹ پیداوار سے 25 لاکھ گھروں کی بجلی کی ضروریات کو پورا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
وزیر اعظم کا ایم ڈی، آئی ایم ایف سے معاہدے پر اظہارِ تشکر
دورۂ جھنگ کے دوران وزیر اعظم پاور پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب بھی کریں گے جبکہ یہ بجلی گھر جدید ٹیکنالوجی کی بدولت ایندھن کی مد میں سالانہ 25 ارب روپے کی بچت کرے گا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف نے ایم ڈی، آئی ایم ایف کرسٹالینا جارجیوا سے گفتگو کے دوران 3 ارب ڈالر کے اسٹینڈ بائی معاہدے پر تشکر کا اظہار کیا۔
گزشتہ شب وزیر اعظم شہباز شریف نے ٹیلیفونک رابطے کے دوران ایم ڈی، عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو کیے گئے وعدوں کی تکمیل کی یقین دہانی کرائی۔ اس دوران اسٹینڈ بائی معاہدے کو عملی جامہ پہنانے پر شکریہ بھی ادا کیا۔