اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب کر لیا ہے جبکہ کابینہ اجلاس کے دوران 9 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔
وفاقی کابینہ کے اراکین، وفاقی وزراء اور اعلیٰ حکام کابینہ کے اجلاس میں ویڈیو کانفرنس کے ذریعے شریک ہوں گے جس کے دوران اہم ملکی و سیاسی معاملات پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
اجلاس کے دوران وفاقی کابینہ میں ہونے والی تبدیلیوں، ملک کی معاشی اور سیکیورٹی صورتحال اور کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔
کابینہ کو کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے ملک گیر حکومتی اقدامات پر بریفنگ دی جائے گی جبکہ لاک ڈاؤن سے پیدا ہونے والے معاشی مسائل کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل حکومت نے وفاقی کابینہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کردیں۔جبکہ ایم کیو ایم کے رہنما خالد مقبول صدیقی کا استعفیٰ بھی منظور کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز شہزاد ارباب کو مشیر کے عہدے سے ہٹا دیا گیا اور بابراعوان کو پارلیمانی امورکے مشیرمقررکردیا گیا۔
مزید پڑھیں: حکومت کا بڑا فیصلہ، وفاقی کابینہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں