اسلام آباد: وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان نے 6 نکاتی ایجنڈے پر وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب کر لیا ہے جس میں کابینہ اراکین ویڈیو کانفرنس کے ذریعے شریک ہوں گے۔
آج دوپہر 12 بجے وزیرِ اعظم ہاؤس میں ہونے والے کابینہ اجلاس کے دوران ملک کی سیاسی، اقتصادی اور سیکورٹی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا جبکہ کابینہ کے ایجنڈے میں ملک بھر میں کورونا وائرس کی صورتحال پر گفتگو بھی شامل ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران وفاقی کابینہ کو علاقائی امن و امان، خطے کی صورتحال، عالمی معاملات اور لاک ڈاؤن کی صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی۔ وفاقی کابینہ کو اقتصادی رابطہ کمیٹی (این سی سی ) کے فیصلوں سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔
کابینہ کے اجلاس کے دوران ممبران اور وفاقی وزراء کو کورونا وائرس کے خلاف حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا جائے گا جبکہ لاک ڈاؤن کے ممکنہ اختتام کے بعد کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جائے گا جس پر اہم فیصلے متوقع ہیں۔
اجلاس کے دوران افغانستان میں سیاسی قیادت کے درمیان اختیارات کی تقسیم کے معاہدے کا بھی جائزہ لیا جائے گا جبکہ افغانستان کی صورتحال پاکستان میں قیامِ امن کو متاثر کرسکتی ہے۔ قبل ازیں وزیرِ اعظم بے روزگاروں کیلئے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کا آغاز کرچکے ہیں۔