اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کااجلاس آج ہوگا، کابینہ کے ارکان 16 نکاتی ایجنڈے پر تبادلہ خیال کریں گے۔
وفاقی کابینہ اقتصادی رابطہ کمیٹی سے منظور شدہ کے الیکٹرک کے لئے فی یونٹ 2اعشاریہ 89 روپے فی یونٹ تک بجلی کے نرخوں میں اضافے کی سفارش پر فیصلہ کرے گی۔
اس ماہ کے شروع میں 2 ستمبر کو منعقدہ اجلاس میں ای سی سی کے فیصلوں کی منظوری کو وفاقی کابینہ کے آئندہ اجلاس کے ایجنڈے میں بھی شامل کیا گیا تھا۔
کابینہ کے ممبران پائلٹوں کے لائسنس معطلی کے معاملات پر بھی غور کریں گے، مزید یہ کہ اس منظوری کے لئے آئین (ترمیمی) بل 2020 کا مسودہ بھی اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔
سول سروس اکیڈمی سے متعلق امور اور جدید جیل کی تعمیر کے لئے اسلام آباد کے ماسٹر پلان میں ترمیم پر بھی غور کیا جائے گا۔
مزید یہ کہ توقع ہے کہ وزیر اعظم عمران خان آج ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچیں گے جہاں وہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور اعلیٰ عہدیداروں سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔
مزید پڑھیں:وزیرِ اعظم جنوبی بلوچستان ترقیاتی پروگرام کا اعلان چند ہفتوں میں کریں گے۔اسد عمر