اسلام آباد: وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان نے مہنگائی پر قابو پانے کیلئے خصوصی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس آج طلب کیا ہے جس کے دوران اشیائے ضروریہ کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر غور کیا جائے گا۔
وزیرِ اعظم عمران خان میٹنگ کی صدارت کریں گے جس کے دوران ملک میں مہنگائی کی صورتحال زیرِ غور آئے گی، سرکاری معاشی ٹیم وزیرِ اعظم عمران خان کو مہنگائی پر قابو پانے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ دے گی۔
دوسری جانب وزارتِ خزانہ نے قبل ازیں یہ خدشہ ظاہر کیا کہ نئے مالی سال 21-2020ء کیلئے مہنگائی کی شرح میں 9 اعشاریہ 3 فیصد اضافہ ہوسکتا ہے جس کا سبب کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن سے پیدا ہونے والی صورتحال ہے جبکہ حکومت نے شرحِ مہنگائی کا ہدف 8 اعشاریہ 2 فیصد مقرر کیا تھا۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے 13 اگست کو خیبر پختونخوا میں بی آر ٹی کے افتتاح کے لئے پشاور جانے کا فیصلہ کرتے ہوئے اپنا آج کا کراچی کا دورہ ملتوی کیا اور گورنر سندھ کو اسلام آباد طلب کر لیا۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کراچی کا دورہ ملتوی ہونے کے بعد خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی حکومت کے ایک اہم منصوبے ‘بی آر ٹی’ کا افتتاح کرنے کے لئے پشاور جائیں گے۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کاکراچی کا دورہ ملتوی، گورنر سندھ طلب