اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت چین پاکستان میں اربوں کی سرمایہ کاری کررہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نے پاک چین تجارت و سرمایہ کاری فورم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے پاک چین بزنس و انویسٹمنٹ فورم دونوں ممالک میں تجارت کے فروغ کیلئے اہم کردار ادا کرے گا۔ پہلے پاک چین فورم کے انعقاد پر مبارکباد دیتا ہوں۔
عمران خان صدف نعیم کی رہائش گاہ پہنچ گئے، اہلِ خانہ سے تعزیت
تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ چین پاکستان میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری کررہا ہے۔ سی پیک کے تحت سرمایہ کاری کے نتیجے میں پاکستان میں توانائی کے بحران کا خاتمہ ہوا۔ پاکستان اور چین کے مابین باہمی تجارت کے بے شمار مواقع ہیں۔
خطاب کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کو بھی چین کی برآمدات میں اضافہ کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کی صنعت اور زراعت میں بھی چین کی سرمایہ کاری سے بہتری آرہی ہے۔ چین دنیا کی دوسری بڑی معیشت اور پاکستان کا سب سے بڑا سرمایہ کار ملک ہے۔
پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) چین کا پاکستان میں سب سے بڑا منصوبہ ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین سرمایہ کاروں کیلئے بہترین مواقع مہیا کرر ہے ہیں۔ چین نے پاکستان میں سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے امداد دی جس کیلئے پاکستان چین کا شکر گزار ہے۔