وزیراعظم شہباز شریف کاعمران خان کو فول پروف سیکورٹی فراہم کرنے کا حکم

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

PM Shehbaz Sharif orders foolproof security for Imran Khan

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے سابق وزیر اعظم عمران خان کولاہور جلسے میں فول پروف سیکورٹی دینے کا حکم دے دیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے وزارت داخلہ کو ہدایت کی ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین کو لاحق خطرات کی اطلاع پر فوری اقدامات کیے جائیں اور رانا ثنا اللہ کو ذاتی طور پر انتظامات کی نگرانی کرنے کا کہا ہے۔

وزارت داخلہ نے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے ہوم سیکریٹریز کو خط لکھ کر سابق وزیراعظم کی سیکورٹی کے سخت انتظامات کرنے کا حکم دیا ہے۔

مزید پڑھیں:پاک فوج میری زندگی سے زیادہ اہم ہے،عمران خان

یہ قابل ذکر ہے کہ ڈپٹی کمشنر لاہور نے بدھ کے روز ایک خط میں پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کو مینار پاکستان کے جلسے کے حوالے سے سیکورٹی خطرات سے متعلق متنبہ کرتے ہوئے عمران خان کو ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرنے کا مشورہ دیا تھا۔

دوسری جانب پی ٹی آئی نے مقامی حکومت کی سیکورٹی وارننگ کو نظر انداز کرتے ہوئے لاہور جلسے کے لیے تمام انتظامات کر لیے ہیں۔

جلسے کیلئے تین مختلف انکلوژرز بنائے گئے ہیں جن میں ایک انکلوژر عوام کے لیے، ایک خواتین کے لیے اور دوسرا فیملیز کے لیے مختص کیا گیا ہے۔ چالیس کنٹینرز پر مشتمل اسٹیج بنایا گیا ہے اور اس میں 100 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے، میڈیا، سوشل میڈیا اور اراکین پارلیمنٹ کے لیے بھی علیحدہ کنٹینرز تیار کیے گئے ہیں۔

جلسے کے سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے پولیس کے ساتھ ساتھ پی ٹی آئی کی خصوصی کمیٹی کے ارکان بھی ڈیوٹی پر موجودہوں گے۔ جلسے میں شرکت کرنے والوں کو تین درجوں کی سیکورٹی سے گزرنا ہو گا جبکہ خواتین کے انکلوژر میں خصوصی کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔

Related Posts