اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی ہے جس کے دوران آڈیو لیکس سمیت ملکی سلامتی صورتحال اور معاشی معاملات پر گفتگو ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ایوانِ صدر میں ملاقات کی جو وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کی تقریبِ حلف برداری سے قبل ہوئی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور آڈیو لیکس کا معاملہ زیرِ غور آیا۔
اسحاق ڈار نے بطور وفاقی وزیر خزانہ حلف اٹھا لیا
وزیر اعظم شہباز شریف نے صدرِ مملکت کو اپنے دورۂ امریکا اور اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مختلف سربراہانِ مملکت سے ہونے والی ملاقاتوں پر آگہی دی۔ بعد ازاں وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے بھی صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی۔
نئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی 20 منٹ تک جاری رہنے والی ملاقات میں ملک کی معاشی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا جبکہ سیلاب کے باعث معیشت کو پہنچنے والے نقصان پر بھی بات چیت ہوئی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز سینیٹر کا حلف اٹھانے والے اسحاق ڈار نے آج ہی وفاقی وزیرِ خزانہ کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اپنے پلان سے صدرِ مملکت کو آگاہ بھی کیا۔