پشاور: پولیس لائن کی مسجد میں ہونے والے خودکش حملے کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف ہنگامی بنیادوں پر پشاور پہنچ گئے۔
وزیراعظم اسلام آباد سے پشاور پہنچے جہاں وہ ہسپتال میں زیر علاج زخمیوں سے ملاقات کریں گے۔ جبکہ وزیراعظم نے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔
پشاور روانگی سے قبل ایک ٹویٹ میں انہوں نے اپنی پارٹی کے کارکنوں کو زخمیوں کو خون کا عطیہ دینے کی ہدایت کی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ”میں پاکستان مسلم لیگ ن کے کارکنوں کو ہدایت کرتا ہوں کہ وہ خودکش حملے میں زخمی ہونے والوں کی جان بچانے کے لیے خون کے عطیات دیں۔
انہوں نے کہا کہ میں خاص طور پر ’او نیگیٹو‘ خون والے افراد، طلبہ اور پارٹی کارکنوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ فوری طور پر لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور پہنچیں اور قیمتی انسانی جانوں کو بچانے میں اپنا حصہ ڈالیں۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے پشاور پولیس لائنز کی مسجد میں ہونے والے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قومی عزم اور اتحاد کا اعادہ کیا۔
مزید پڑھیں:وزیر اعظم شہباز شریف سمیت ملک کی نامور شخصیات کی پشاور دھماکے کی مذمت
اپنے مذمتی بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ اللہ کے گھر کو نشانہ بنانا حملہ آوروں کی اسلام سے لاتعلقی ثابت کرتا ہے۔ دہشت گرد ملک کا دفاع کرنے والوں کو نشانہ بنا کر خوف پھیلانے کے خواہاں ہیں۔ ناحق خون بہانے والوں کو عبرت کا نشان بنا دیں گے۔