اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے پیر کو ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے ملاقات کی جس میں ملک کی مشکل معاشی صورتحال اور اتحادی حکومت کو درپیش دیگر اہم امور پر مشاورت کی گئی۔
وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات اہم امور پر غور کرنے کے لیے اتحادی جماعتوں کے سربراہان سے مشاورت کا حصہ ہے۔ اس سلسلے میں یہ پہلی ملاقات تھی۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے حکومتی اصلاحات کے نفاذ میں اتحادی سیاسی جماعتوں کی حمایت کا خیرمقدم کیا اور قومی مفاد کے فیصلوں میں ان کے کردار کو اہم قرار دیا۔انہوں نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
خالد مقبول صدیقی نے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو ترجیح دینے اور کراچی کے عوام سے متعلق ترقیاتی منصوبوں پر فوری عمل درآمد کی ہدایت پر وزیر اعظم شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کیا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری سے بھی ملاقاتیں شیڈول ہیں۔
گزشتہ ہفتے وزیر اعظم شہباز شریف نے لندن میں مسلم لیگ ن کیقائد اور اپنے بڑے بھائی نواز شریف سے موجودہ معاشی اور سیاسی امور پر تفصیلی بات چیت کی۔
وزیراعظم نے مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے اپنی کابینہ کے اہم ارکان کے ساتھ تین دن تک برطانیہ کے دارالحکومت میں قیام کیا۔
لندن کے اجلاسوں میں شرکت کرنے والے مسلم لیگ (ن) کے رہنما خاموش ہیں اور وہ معاشی بحران سے نمٹنے کے لیے پارٹی کی حکمت عملی اور پیٹرولیم مصنوعات پر دی جانے والی سبسڈی کے خاتمے سے متعلق کچھ بھی شیئر نہیں کر رہے، جسے آئی ایم ایف نے قرض پروگرام کی بحالی سے جوڑا ہے۔
مزید پڑھیں:عمران خان کے 2موبائل فونز چوری ہونے کا انکشاف