پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری پر اتفاق

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

PM Shehbaz, MBS vow to bolster economic and strategic partnership
ONLINE

پاکستان اور سعودی عرب نے جمعرات کے روز دوطرفہ شراکت داری کو مزید وسعت دینے اور دفاعی و سیکورٹی تعاون کو مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور دونوں ممالک نے خطے میں سیکورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون کی اہمیت کو بھی تسلیم کیا۔

وزیرِاعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور سعودی ولی عہد و وزیرِاعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ہونے والی دوطرفہ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور تعاون پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

وزیرِاعظم شہباز شریف ان دنوں سعودی عرب کے چار روزہ سرکاری دورے پر ہیں، جہاں ان کے ہمراہ نائب وزیرِاعظم سینیٹر اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر، اور وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی موجود ہیں۔

ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے تاریخی اور قریبی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا جس میں اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری، توانائی اور دفاعی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ اقتصادی تعاون میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیرِاعظم نے سعودی عرب کی جانب سے مختلف کلیدی شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کے عزم کو سراہا، جس سے پاکستان کی معیشت کو استحکام اور ترقی ملے گی۔

وزیرِاعظم اور ولی عہد نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور جغرافیائی سیاست پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور امن، استحکام، اور خوشحالی کے مشترکہ وژن کو فروغ دینے کے لیے قریبی سطح پر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

سعودی ولی عہد نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کا اعتراف کیا اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے مزید اقدامات کرنے پر اتفاق کیا۔

دونوں رہنماؤں نے عوامی سطح پر روابط، ثقافتی تبادلوں، اور تعلیمی تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

وزیرِاعظم اور ولی عہد نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جایا جائے گاجو باہمی احترام، مشترکہ مفادات اور ترقی و خوشحالی کے مشترکہ وژن پر مبنی ہوگی۔

Related Posts