انقرہ: وزیراعظم شہباز شریف اعلیٰ سطح کے سرکاری وفد کے ہمراہ تین روزہ سرکاری دورے پر ترکی پہنچ گئے۔
وزیراعظم کو انقرہ ایسن بوگا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ترک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ہوائی اڈے پر ترک وزیر دفاع اور دیگر اعلیٰ حکام نے وزیراعظم اور ان کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔
اپنے دورے کے دوران وزیراعظم کی صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات ہوگی جس کے بعد وفود کی سطح پر بات چیت ہوگی۔
پاک ترکی دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کے علاوہ دونوں رہنما علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ وہ اپنی ملاقاتوں کے بعد مشترکہ پریس اسٹیک آؤٹ سے بھی خطاب کریں گے۔
چونکہ دونوں ممالک سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں، دونوں رہنما مشترکہ طور پر ایک لوگو کی نقاب کشائی کریں گے، جس سے تقریبات کا آغاز ہو گا۔
وزیراعظم مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ممتاز ترک تاجروں اور ممکنہ سرمایہ کاروں کے ساتھ وسیع تر بات چیت کریں گے۔
مزید پڑھیں:وفاقی کابینہ کا لانگ مارچ سے سختی سے نمٹنے کا فیصلہ