اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا کے خطے میں قیامِ امن مسئلۂ کشمیر کو حل کیے بغیر ممکن نہیں جبکہ پاکستان تمام ممالک سے 2 طرفہ مثبت تعلقات کا خواہاں ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاک فضائیہ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ ہم تمام ممالک سے دو طرفہ مفادات کی بنیاد پر مثبت تعلقات کے خواہاں ہیں تاہم مسئلۂ کشمیر کا حل ضروری ہے۔ انہوں نے پاس آؤٹ ہونے والے تمام کیڈٹس کو مبارکباد بھی دی۔
سابق آرمی چیف کا بیان سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، آئی ایس پی آر
پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نے کیڈٹس کے والدین کو بھی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ نے ہر چیلنج کا دلیری سے سامنا کرتے ہوئے وطن کا نام روشن کیا۔ مسلح افواج بہترین پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے باعث دنیا بھر میں نمایاں مقام حاصل کرچکی ہیں۔
خطاب کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ مجھے یقین ہے مسلح افواج کی جانب سے قوم کی امنگوں کے مطابق صلاحیتوں کا مظاہرہ جاری رہے گا۔ عالمِ انسانیت کو موسمیاتی تبدیلیوں سمیت بہت سارے چیلنجز درپیش ہیں جبکہ پاکستان معاشی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ معیشت کے استحکام کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے تاکہ ملک کے معاشی حالات بہتری کی جانب گامزن ہوں۔ ہم تمام ممالک سے 2 طرفہ مفادات کی بنیاد پر مثبت تعلقات کے خواہاں ہیں۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگست 2019ء سے مقبوضہ جموں و کشمیر ایک جیل میں تبدیل ہوچکی ہے۔ خطے میں امن کیلئے ہمسایہ ممالک کے ساتھ مل کر کاوشیں جاری رہیں گی۔ کوئی قیامِ امن کیلئے پاکستان کی خواہش کو ہماری مملکت کی کمزوری نہ سمجھے۔