اسلام آباد: وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان 1 روزہ سرکاری دورے کیلئے افغان صدر کی دعوت پر افغانستان کے دارالحکومت کابل پہنچ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِا عظم عمران خان ہمسایہ ملک افغانستان کا دورہ پہلی بار کر رہے ہیں،وزیرِ اعظم عمران خان کا استقبال افغان وزیرِ خارجہ حنیف اتمر نے کیا۔افغان صدر سمیت دیگر قیادت سے اہم ملاقاتیں ہوں گی۔
وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیرِ تجارت عبدالرزاق داؤد اور دیگر اعلیٰ حکام وزیرِ اعظم کے ہمراہ ہیں۔ کابل میں وزیرِ اعظم عمران خان افغان صدر ڈاکٹر اشرف غنی سے ملاقات کریں گے اور دونوں سربراہانِ مملکت کے مابین وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے۔
دورۂ افغانستان کے دوران وزیرِ اعظم عمران خان کا مرکزی ایجنڈا پاک افغان تعلقات، افغان امن عمل اور علاقائی روابط ہوں گے۔ دورے سے پاک افغان باہمی تعلقات اور تمام شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو نئی جہت ملے گی۔
افغان صدر اور وزیرِ اعظم مشترکہ پریس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔ دفترِ خارجہ کا کہنا ہےکہ افغانستان پاکستان کا برادر اسلامی ملک ہے جس کے ساتھ پاکستان کے مذہبی، ثقافتی اور تاریخی گہرے روابط ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا الیکٹرانک ووٹنگ متعارف کرانے کا اعلان