اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق اہم امور پر اجلاس آج منعقد ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم ہاؤس میں منعقد ہونے والے اجلاس میں ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔ شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق اہم فیصلہ بھی متوقع ہے۔
وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت اجلاس کے دوران اپوزیشن جماعتوں کے بیانات پر ردِ عمل دینے سے متعلق حکمتِ عملی زیرِ غور آئے گی۔ باوثوق ذرائع کے مطابق شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے پر بھی گفتگو ہوگی۔
اجلاس کے دوران مقبوضہ فلسطین پر اسرائیل کے جاری حملوں اور پاکستان کی طرف سے عالمی سطح پر مسئلۂ فلسطین پر آواز اٹھانے کیلئے پاکستان کے کردار پر بھی تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں نہیں ڈالا گیا۔
آج سے 2 روز قبل ایک اہم ویڈیو بیان میں وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ وزارت کو ابھی تک سمری موصول نہیں ہوئی جس کی وجہ سے قائدِ حزبِ اختلاف قومی اسمبلی شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں شامل نہیں کیا جاسکا۔
مزید پڑھیں: شہباز شریف کا نام ابھی تک ای سی ایل میں نہیں ڈالا گیا،شیخ رشید